اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سابق وزیراعظم پرویز اشرف اور پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کو تو انصاف ملتا ہے لیکن پیپلزپارٹی کو نہیں ملتا۔ آصف علی زرداری پر مقدمات سیف الرحمان اور شہباز شریف نے بنائے، پیپلزپارٹی کے ساتھ برابری کا سلوک نہیں کیا جاتا، آصف زرداری پر بنائے گئے مقدمات جھوٹ کا پلندہ اور سیاسی انتقام کی بدترےن مثال ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان ہو یا کوئی اور اصولی مسئلے اور عوام کے مفاد کےلئے ساتھ کھڑے ہوکر اپوزیشن کا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ زرداری دبئی میں ہیں وہ بہت جلد وطن واپس آجائیں گے۔ احتساب عدالت کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ زرداری کا منصوبہ بندی کے تحت میڈیا ٹرائل کیا گیا، پیپلزپارٹی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، آصف علی زرداری پر مقدمات بنانے والے غلطی کا اعتراف کریں۔18سال بعد زرداری کا باعزت بری ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ یہ مقدمات ان کی کردار کشی اور میڈیا ٹرائل کے سوا کچھ نہیں تھے۔ انہوں نے چیف جسٹس اور وزیراعظم سے درخواست کی کہ ہائی پروفائل کیسز کےلئے ایک ٹائم فریم بنا کر علیحدہ سے کمیشن تشکیل دیئے جائیں۔ ایسے احتساب کا کیا فائدہ جس میں مقدمات 18 سال تک چلتے رہیں، وزیراعظم نواز شریف پر بھی 36 ریفرنسز ہیں جس کے باوجود وہ تیسری دفعہ وزیراعظم بنے ہیں، نیب سیاستدانوں کو کمزور سمجھ کر ہاتھ ڈالتی ہے، پہلے کہا گیا کہ نندی پور میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی لیکن صدر مملکت نے کہا کہ اس منصوبے میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں کی گئی۔
پرویز اشرف/ کائرہ