شاہراہ نیلم کی بندش کیخلاف ہزاروں افراد کا لانگ مارچ، زبردستی رکاوٹیں ہٹا دیں

Nov 27, 2016

آٹھ مقام ( صباح نیوز ) وادی نیلم میں شاہراہ نیلم کی بندش کے خلاف شٹر ڈائون ہڑتال، احتجاجی لانگ مارچ ، عوام نے رکاوٹیں توڑ کر شاہراہ نیلم کو کھول دیا۔ ہفتہ کی صبح وادی نیلم کے ہزاروں افراد نے ضلعی ہیڈکوارٹر اٹھمقام سے نوسیری تک سینکڑوں گاڑیوں پر لانگ مارچ کیا ہے۔ مظاہرین امن کے حق میں فلک شگاف نعرے لگا رہے تھے ۔ باڑیاں سے نوسیری تک بھارتی فوج کے سامنے والے علاقہ سے ٹریفک حسب معمول چل رہی تھی جبکہ نوسیری کے مقام اور ماربل کے مقام پر فوجی اور چائنہ سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے ٹریفک کو غیر قانونی غیر اخلاقی طور پر بند کر رکھا تھا۔ مظاہرین نے رکاوٹیں توڑ کر شاہراہ نیلم کو ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بحال کر دیا۔ نوسیری پل پر ہزاروں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے وادی نیلم کے سیاسی و سماجی رہنمائوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے سامنے والے علاقوں میں ٹریفک معمول کے مطابق چل رہی ہے۔ لیکن ماربل اور نوسیری کے مقام پر فوجی اور رینجرز کے اہلکاروں کی طرف سے شاہراہ نیلم کو بند کر کے چار دن سے محصور رکھا گیا ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ عوام امن چاہتے ہیں لیکن وادی نیلم کو دہشت گردی کے لئے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔ حکومت پاکستان کشمیر حاصل کرنا چاہتی ہے تو جنگ کا اعلان کرے ہم کشمیر آزاد کروا کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کے امن کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کیا جائیگا۔

مزیدخبریں