کراچی: کیماڑی آئل ٹرمینل میں آتشزدگی، 2 افراد جاں بحق،2 لاپتہ

Nov 27, 2016

کراچی (آن لائن)کراچی پورٹ ٹرسٹ کے نجی آئل ٹرمینل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق،2 لاپتہ ہوگئے، آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے 9 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل نے آگ بجھانے میں حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز کیماڑی کے آئل ٹرمینل ون میں آئل ٹینک میں گیس بھرجانے کے باعث دھماکہ ہونے سے آگ لگ گئی تھی۔ جہاں سے اب تک 2 افراد کی نعشیں ملی ہیں جنہیںسول ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے۔کے پی ٹی فائر چیف کے مطابق کیماڑی آئل ٹرمینل میں ایک ہزار ٹن فیول سے بھرے ٹینک میں آگ لگی، آئل ڈپو میں آگ بجھانے میں کئی گاڑیوں نے حصہ لیا جن میں کے پی ٹی اور کے ایم سی کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ سعید جدون کے مطابق آگ بجھانے کے لئے کیمیکل اور فوم استعمال کیا گیا۔ واقعہ کے بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چاروں آئل ٹرمینلز پر تیل کی ترسیل ہنگامی طور پر روکدی گئی۔ پورٹ ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت بندرگار پر 3 جہاز موجود تھے، جہازوں سے سٹوریج تک تیل لے جانے والی پائپ لائن بند کردی گئی، حادثے کے وقت 17 سو ٹن کیمیکل سٹوریج میں موجود تھا۔ واضح رہے کیماڑی آئل ٹرمینل میں ایک ہفتے میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

مزیدخبریں