مہمند ایجنسی (نیوز ایجنسیاں) مہمند ایجنسی میں ایف سی کے غلنئی کیمپ کی مسجد پر دہشت گردوں کے بڑے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، 2 اہلکار شہید، 14 زخمی ہو گئے، دہشگرد ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ اور خود کش جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمند ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر غلنئی میں واقع مہمند رائفلز کیمپ پر صبح 6 بجکر 20 منٹ پر 4 دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔ حملہ آوروں نے کیمپ میں موجود مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی جہاں متعدد ریکروٹس نماز کیلئے موجود تھے تاہم ایف سی کے جوانوں نے گھیراؤ کرکے حملہ آوروں کو مسجد کے اندر داخل نہ ہونے دیا اور فائرنگ شروع کردی۔ اس دوران مسجد کے اندر داخل ہونے کی کوشش میں ناکامی پر دو حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں دو ایف سی اہلکار شہید جبکہ 14 زخمی ہوگئے جبکہ باقی دو حملہ آور ایف سی اہلکاروں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آور جدید اسلحے اور خودکش جیکٹوں سے لیس تھے۔ جھڑپ کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور مہمند پشاور شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔اس حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان کے دھڑے جماعت الاحرار نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا تھا حملے کے بعد خوف کے باعث علاقے میں جزوی طور پر کرفیو نافذ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے 4 دہشت گردوں کو غلنئی کیمپ میں مار گرانے پر سکیورٹی فورسز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی فوری جوابی کارروائی سے حملے کو ناکام بنایا گیا جس سے نہ صرف مالی نقصان کو بچایا گیا بلکہ قیمتی جانیں بھی محفوظ رہیں جس پر جوان شاباش کے مستحق ہیں۔
مہمند ایجنسی/حملہ
کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ بی بی سی) بلوچستان میں تشدد کے دو واقعات میں ایک چینی کمپنی کے دو پاکستانی سکیورٹی گارڈز سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ سکیورٹی گارڈز کی ہلاکت کا واقعہ ضلع گوادر میں پسنی کے علاقے کلانچ میں پیش آیا۔ کلانچ اور اسکے گردونواح میں چینی کمپنی تیل اور گیس کی تلاش کا کام کررہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے کمپنی کے تین پاکستانی اہلکاروں کو اغوا کیا تھا۔ ان میں ایک ڈرائیور اور دو سکیورٹی گارڈز شامل تھے۔ مسلح افراد نے سکیورٹی گارڈز کو ہلاک کیا جبکہ ڈرائیور کو چھوڑ دیا۔ واقعے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کرلی۔ ایک اور شخص کی ہلاکت ضلع نصیر آباد میں بارودی سرنگ پھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔ بارودی سرنگ اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جب ایک موٹر سائیکل اس سے ٹھکرا گئی۔ علاوہ ازیں مستونگ کے علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے کے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے2شرپسند ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کو گرفتارکرلیا گیا۔ ایف سی ترجمان نے بتایا کہ حساس ادارے کے اہلکاروں نے کالعدم تنظیم کے شرپسندوںکی موجودگی کی اطلاع پرچھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کردی جوابی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 2شرپسند ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجما ن نے بتایا کہ ہلاک اور گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور افغان کرنسی برآمد ہوئی ہے۔
ایف سی کیمپ پر بڑے حملے کی کوشش نا کام 2 اہلکار شہید 4 دہشت گرد ہلاک
Nov 27, 2016