راولپنڈی (ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے افسروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم قابل تعریف ہے ،مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں۔ تینوں مسلح افواج کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہو گا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ائر اور نیول ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا جہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے جنرل راحیل شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا جس کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کہا تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں جنرل راحیل شریف کا کردار اہم ہے ۔انہوں نے مضبوط ملکی دفاع کیلئے آرمی چیف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج اور فضائیہ نے یک جان دو قالب ہو کر کام کیا۔ ائیر چیف مارشل نے جنرل راحیل کیلئے نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار کیا۔ جنرل راحیل نے کہا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی بہترین نگہبان ہے۔ مسلح افواج کے درمیان بہترین تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہو گا۔ آرمی چیف نے تینوں مسلح افواج کے درمیان موجود بہترین ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اسے مستقبل میں مزید بڑھایا جائے۔ آرمی چیف نے نیول ہیڈکوارٹر کا بھی الوداعی دورہ کیا، نیول ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر ایڈمرل ذکاء اللہ نے جنرل راحیل کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ترجمان بحریہ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے نیول چیف ایڈمرل ذکاء اللہ سے ملاقات کی۔نیول چیف نے جنرل راحیل شریف کی شاندارخدما ت کو سراہا۔ اس موقع پر نیول چیف نے کہا ضرب عضب کی کامیابیوں نے سکیورٹی، استحکام اور ترقی پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں۔ ضرب عضب کی امتیازی کامیابیاں جنرل راحیل شریف کی قیادت کی مرہون منت ہیں۔جنرل راحیل نے پاک بحریہ کے تعاون پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان میری ٹائم سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کا کردار کلیدی ہے۔سی پیک کی کامیابی کیلئے بحری دفاع ناگزیر ہے۔بحری سرحدوں کے ناقابل تسخیر دفاع میں پاک بحریہ کا کردار اہم ہے۔موثر بحری دفاع کے اقتصادی راہداری پر دوررس اثرات مرتب ہونگے۔پاک بحریہ خطے کی بہترین بحری قوت ہے۔ جنرل راحیل شریف نے افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کو فون کیا اور سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف نے الوداعی رابطہ گزشتہ شب کیا تھا۔
مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں :جنرل راحیل
Nov 27, 2016