لاہور (پ ر) امریکی صدارتی انتخابات میں بے روزگاری اور تبدیلی کے نعروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ امریکہ دوسروں کا امتحان لیتا رہا ہے لیکن اب امریکہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کا انتخاب کرکے خود کو امتحان میں ڈال دیا ہے۔ امریکہ کیلئے ماضی کا نائن الیون اور حال کا الیون نائن خطرے کی گھنٹی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ سے کسی بھی قسم کی مثبت توقعات عبث ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ تیسری جنگ عظیم کا خیمہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ گزشتہ روز غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیراہتمام ’’امریکی صدارتی الیکشن‘‘ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار میں دانشوروں کی امریکی صدر کے حالے سے یہ رائے تھی۔ ڈاکٹر عارفہ صبح خان نے مزید کہا کہ ہیلری کلنٹن کی شکست اور ٹرمپ کی کامیابی سے امریکہ کا اصل چہرہ سامنے آیا ہے۔ پاکستان کو بہت محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔ ٹرمپ نے اسلام دشمنی اور پاکستان مخالف بیانات پر ووٹ لیا ہے۔ بھارت بھی جلتی پر تیل ڈالے گا اور اپنے مفادات کیلئے پاکستان کے خلاف امریکی صدر کو اکسائے گا۔