امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبے کو مضحکہ خیز قراردے دیا۔گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جل سٹین کی جانب سے وسکونسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر نو منتخب امریکی صدر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں، ہلیری کلنٹن نے بھی نتائج تسلیم کرکے مجھے مبارک باد دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نتائج کو تسلیم کرکے مستقبل کی طرف بڑھنا چاہیے۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ گرین پارٹی کی جعلسازی ہے۔ چیلنج کرنے کے بجائے نتائج کا احترام کیا جانا چاہیے۔ نتائج کو چیلنج کرکے جل سٹین اپنی تجوری بھرنا چاہتی ہیں۔ گرین پارٹی کی امیدوار جل سٹین نے الیکشن کمشن میں درخواست جمع کرائی ہے جس میں وسکونسن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ دھاندلی کے الزامات سب سے پہلے خود ٹرمپ نے لگائے تھے، انہوں نے اپنے انتخابی مہم کے دوران کہا تھا کہ اگر فیصلہ ان کے حق میں نہیں آیا تو نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔