جنرل قمر جاوید انتہائی پیشہ ور ہیں، بھارت کو محتاط رہنا چاہئے: سابق بھارتی آرمی چیف

سابق بھارتی آرمی چیف جنرل (ر) بکرم سنگھ بھی پاکستان کے نامزد چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے معترف نکلے، بکرم سنگھ نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو انتہائی پیشہ ور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے آپریشنز میں جنرل باجوہ کی کارکردگی انتہائی پیشہ وارانہ اور نمایاں تھی، بھارت کو تھوڑا صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور محتاط رہنا چاہیے، نئے آرمی چیف کی قیادت میں پاکستان کی عسکری پالیسی میں کوئی تبدیلی آتی دکھائی نہیں دے رہی،جنرل باجوہ بھارت کے ساتھ ملحقہ سرحدی علاقوں میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہیں اندازہ ہے کہ سرحد کے دونوں جانب کس طرح کے حالات اور علاقے موجود ہیں۔ بھارتی اخبار ”ٹائمز آف انڈیا“ کی رپورٹ کے مطابق جنرل بکرم سنگھ کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے آپریشنز میں جنرل باجوہ کی کارکردگی انتہائی پیشہ وارانہ اور نمایاں تھی۔ یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں انڈین آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ کے ساتھ بطور بریگیڈ کمانڈر کام کرچکے ہیں جو وہاں ڈویژن کمانڈر تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک فوجی افسر کا طرز عمل بین الاقوامی ماحول میں مختلف ہوتا ہے جبکہ اپنے ملک میں ان کے کام کرنے کا طریقہ الگ ہوتا ہے، وہاں اسے اپنے قومی مفادات کا تابع رہنا ہوتا ہے۔جنرل بکرم سنگھ بھارتی فوج کے 25 ویں سربراہ تھے اور وہ 31 جولائی 2014 کو ریٹائر ہوئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن