ناگپور ٹیسٹ: کوہلی کی ڈبل سنچری‘ بھارت کی گرفت مضبوط

Nov 27, 2017

ناگپور(آئی این پی)بھارت اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے405رنز کی برتری کے ساتھ اپنی پہلی اننگز 610 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ ویرات کوہلی نے213رنز کی دلکش اننگز کھیلی، چیتشوار پجارا اور روہیت شرما نے سنچریاں بنائیں۔ دلروان پریرا نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سری لنکا نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر21رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے 384 رنز درکار ہیں۔کرونا رتنے 11 اور تھریمانے 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار یہاں ناگپور میں ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 312 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو چیتشوار پجارا 121 اور ویرات کوہلی 54 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کے مابین 183 رنز کی شراکت قائم ہوئی، چیتشوار
پجارا 143 رنز بناکر شنکا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔اجنکیا راہانے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو دو رنز بنانے کے بعد دلروان پریرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔ اس موقع پر ویرات کوہلی اور روہیت شرما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 173 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 583 تک پہنچا دیا۔ ویرات کوہلی نے بطور کپتان پانچویں ڈبل سنچری بناکر برائن لارا کا عالمی ریکارڈ برابر کیا، وہ 213 رنز بناکر دلروان پریرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔610رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر بھارت نے اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ روہیت شرما 102 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ دلروان پریرا نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بھارت نے پہلی اننگز میں 405 رنز کی برتری حاصل کی۔ سری لنکا نے دوسری اننگز میںکھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئی384 رنز درکار ہیں۔ کرونارتنے 11 اور تھریمانے 9 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ واحد وکٹ ایشانت شرما نے حاصل کی۔

مزیدخبریں