ملتان (نامہ نگار خصوصی) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی قائدین مولانا انوار الحق (نائب صدر) مفتی محمد رفیع عثمانی (نائب صدر) اور مولانا محمد حنیف جالندھری (سیکڑی جنرل) نے اسلام آباد میں ختم نبوت کے مطالبات کے لیے گزشتہ دوعشروں سے جاری دھرنے سے پیدا شدہ صورتحال کو ملک وقوم کے لیے تشویشناک قرار دیا ہے اور دونوں فریقوں سے اپیل کی ہے کہ وہ باہمی گفت وشنید کے ذریعہ اس مسئلہ کا جلد از جلد حل نکالیںاور کسی بھی قسم کے تشدد سے گریز کرتے ہوئے قومی جذبات کی پاسداری کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک اس مطالبہ کا تعلق ہے کہ ختم نبوت سے متعلقہ انتخابی قوانین میں متنازعہ ترامیم کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے، اس مطالبہ اور موقف سے اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں ہے، اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جن افراد یا لابیوں نے پارلیمنٹ بلکہ پوری قوم کو اتنے بڑے خلفشار سے دوچار کیا ہے اور ملت اسلامیہ کے ایمانی جذبات سے کھیلنے کی جسارت کی ہے وہ معافی کے قابل نہیں ہیں، انہیں بے نقاب کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں کے عقیدہ اور دستور پاکستان کی عمل داری کا مسئلہ ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا اور حکومت کو اس کے لیے بہرحال ٹھوس کارروائی کرنا ہوگی۔انہوں نے دھرنے کے قائدین سے کہا ہے کہ وہ اپنے جائز اور اصولی مطالبہ کے لیے قانون اوردستور کے دائرے میں رہتے ہوئے جو قدم بھی اٹھائیں گے انہیں تمام دینی حلقوں کی حمایت حاصل ہوگی۔
حکومت‘ دھرنے والے تشدد سے گریز‘ قومی جذبات کی پاسداری کریں: علماءوفاق المدارس
Nov 27, 2017