ملتان(سپورٹس ڈیسک)کپتان ویرات کوہلی کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کرتے ہوئے میچ کے تیسرے دن 405 رنز کی برتری کے ساتھ اپنی پہلی اننگز 610 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی۔ناگپور میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 312 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو چیتشوار پجارا 121 اور ویرات کوہلی 54 رنز پر کھیل رہے تھے۔دونوں کے مابین 183 رنز کی شراکت قائم ہوئی، چتیشوار پجارا 143 رنز بناکر شنکا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جبکہ اجنکیا راہانے کا وکت پر قیام انتہائی محدود رہا اور وہ صرف دو رنز بنا سکے۔اس موقع پر ویرات کوہلی اور روہت شرما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 173 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 583 تک پہنچا دیا۔ویرات کوہلی 213 رنز بناکر دلرووان پریرا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ روہت شرما کی سنچری کی سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی بھارت نے 610 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز ڈیکلیئر کر دی، روہیت 102 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔سری لنکا کی جانب سے دلروان پریرا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بھارت نے پہلی اننگز میں 405 رنز کی برتری حاصل کی۔سری لنکا نے دوسری اننگز میں کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 21 رنز بنا لئے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے384 رنز درکار ہیں، کرونارتنے 11 اور تھریمانے 9 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
610 رنز 6 وکٹ پر اننگز ڈیکلیئر، بھارت کی ناگپور ٹیسٹ پر گرفت مضبوط
Nov 27, 2017