یمن: امریکی ڈرون حملہ،7القائدہ دہشتگرد ہلاک،3گاڑیاں تباہ

عدن+واشنگٹن (اے ایف پی+این این آئی) یمن میں امریکی جاسوس طیارے ڈرون کے میزائل حملہ میں القاعدہ کے 7مبینہ جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ یمن کے سکیورٹی حکام کے مطابق امریکی ڈرون طیارے نے گزشتہ شب جنوبی صوبے شابو اور وسطی صوبہ بائیدا کے درمیانی علاقہ میں ایک شاہراہ پر القاعدہ کی تین گاڑیوں پر میزائل داغے جس کے نتیجہ میں القاعدہ کے 7مشتبہ جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران کی کی تینوں گاڑیاں مکمل تباہ ہوگئیں۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یمن میں سعودی اتحادی فورسز کی مارچ 2015ء سے شروع ہونے والی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 87ہزار سے زائد افراد کی ہلاکت ہوچکی ہے جبکہ امریکی ڈرون طیارے القاعدہ اور داعش کے خلاف کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔ ادھرامریکا نے یمنی تنازعے کے حل کے لیے سیاسی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یمن میں امدادی کارروائیوں کی راہ ہم وار کی جائے۔ یمنی تنازعے سے متاثرہ افراد کی مشکلات کے حل کے لیے تمام فریقین سیاسی عمل اور امدادی سرگرمیوں کی حمایت کریں،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن نے ریاض حکومت اور سعودی قیادت میں عرب اتحاد کی جانب سے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ یمن میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے صنعا کے ہوائی اڈے اور حدیدہ کی بندرگاہ کی ناکہ بندی ختم کی جا رہی ہے۔دریں اثنااقوام متحدہ کا طیارہ امدادی سامان لے کر یمن کے شہر صنعاء پہنچ گیا۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی علاقائی ترجمان عبیر عطیفہ نے اس امر کی تصدیق برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو بذریعہ ای میل کی جس میں بتایا گیا ہے کہ انسانی امدادی کارکنوں کو لیکر پہلا طیارہ ہفتے کے روز دارلحکومت صنعاء کے ہوائی اڈے پر اترا گیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن