دبئی(آ ئی این پی) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی )کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم نے اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے جب کہ فخر زمان بھی ٹاپ5بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں ، ٹیم رینکنگ میں پاکستان نے دوسری پوزیشن پر موجود بھارت سے اپنا فاصلہ مزید بڑھا لیاہے ۔ نئی رینکنگ میں بھارت کے چائنہ مین سپنر کلدیپ یادیو نے 20درجے ترقی کے ساتھ تیسری پوزیشن اپنے نا م کرلی ہے جب کہ آسٹریلیوی لیگ سپنر ایڈم زامپا نے 17سیڑھیا ں پھلانگ کر5ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیے ہے ، دونوں رسٹ سپنرز نے بھارت کے جسپریت بمراہ اور بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان کو ٹاپ 20بالرز کی فہرست سے باہر نکال دیا ہے اور ٹی ٹونٹی رینکنگ کے ٹاپ20بالرز میں 13سپنرز ہیں ،ٹاپ 20بالرز میں موجود جنوبی افریقی لیگ سپنر عمران طاہر 3درجے تنزلی کے ساتھ 9ویں نمبر پر آگئے ہیں ، بھارت کے یزوندرا چاہل7سیڑھیاں اتر کر11ویں ،آسٹریلیوی فاسٹ بالر بلی سٹین لیک9ویں سے14ویں اور اینڈریو ٹائی 10ویں سے18ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، جنوبی افریقی فاسٹ بالر کرس مورس 6درجے ترقی پاکر 27ویں اور اینڈریو پھیلوکوایو 42ویں سے38ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ،بلے بازوں کی رینکنگ میں بھارت کے شیکھر دھون آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 76اور41رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد 5درجے ترقی پاکرکیریئر کی بہترین 11ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ،پاکستان کے بابر اعظم858پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر موجود ہیں ،آسٹریلیا کے ایرون فنچ ایک درجے تنزلی کے ساتھ دوسری سے تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں اور ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے کولن منرو نے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے جب کہ پاکستان کے فخر زمان اور آسٹریلیا کے گلین میکسویل ایک ، ایک درجے ترقی کے ساتھ بالترتیب چوتھی اور پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں ،ٹیم رینکنگ میں پاکستان 138پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جب کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز برابر کھیلنے کے بعد بھارت کی دوسری پوزیشن تو برقرار ہے تاہم وہ ایک رینکنگ پوائنٹ سے محروم ہوگیا ہے ۔