لاہور(خصوصی رپورٹر+سپورٹس رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ اس کے علاوہ کوئی دوسرا ایجنڈا تھا، نہ ہے، نہ ہوگا۔ اپنا گھر ہاﺅسنگ پراجیکٹ ایک انقلابی منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت بے گھر افراد کو چھت ملے گی۔ ہاﺅسنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پسے ہوئے طبقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔ ماضی میں وسائل کو صرف مخصوص علاقوںکیلئے رکھے گئے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر توجہ مرکوز کی ہے۔ دور دراز کے علاقوں کو ترقی دے کر عوام کو ان کا حق لوٹائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی مشاورت شامل ہے۔ عوامی مسائل کے حل کیلئے ارکان اسمبلی عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کے وفد سے گفتگو میں کہاکہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کو معیاری تعلیمی مواقع کی فراہمی ملک کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کیلئے حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ عثمان بزدار سے چیئرمین پاکستان کرکٹ کنٹرول بورڈ احسان مانی نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے دور دراز علاقوں میں کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ جنوبی پنجاب اور دور دراز کے علاقوں میں نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے ٹرائلز کرائے جائیں گے اورمنتخب کھلاڑیوں کو ملتان میں تربیت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ایس ایل کے میچوں کے لئے پی سی بی سے تعاون کیا جائے گا۔ پی ایس ایل کے باعث پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوگا۔ عثمان بزدارکی زیرصدارت اجلاس میں قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ با اثر اور طاقتور مافیا سے سرکاری اراضی کا ایک ایک انچ قبضہ چھڑایا جائے گا۔ غریب لوگوں، ریڑھی بانوں، چھابڑی فروشوں کے خلاف اور کچی آبادیوں میں آپریشن ہر گز نہیں کیا جائے گا اورواگزار کرائی گئی اراضی پر کسی صورت دوبارہ تجاوزات قائم نہیں ہونی چاہئیں۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ اب تک پنجاب بھر میں جاری آپریشن کے دوران 84ہزار ایکڑ اراضی واگزار کرا ئی جا چکی ہے اورواگزار کرائی گئی زمین کی لاگت تقریبا ً 145ارب روپے ہے۔ عثمان بزدار نے رائے ونڈ تبلیغی مرکز کی مسجد کے امام و خطیب مولانا جمیل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے کشمیری نوجوانوں کی شہادت اور پے درپے مظالم کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔
عثمان بزدار