واشنگٹن(آن لائن) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ کہ پاکستان ممبئی حملوں کے ذمہ داروں کے خلاف سلامتی کونسل کی پابندیوں پر عمل کرے۔ممبئی حملوں کے 10 سال مکمل ہونے پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملوں میں ملوث عناصر کو اب تک سزا نہیں ملی، ملزمان کو سزا نہ ملنا ہلاک ہونے والوں کے ورثا کی توہین ہے لہذا تمام ممالک بالخصوص پاکستان ان حملوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف سلامتی کونسل کی پابندیوں پر عمل کرے۔دوسری جانب امریکا نے ممبئی حملوں میں ملوث عناصر کی نشان دہی کرنے یا ان کے بارے میں کسی بھی قسم کی معلومات فراہم کرنے پر 50 لاکھ ڈالرز کے نئے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔ امریکا نے کہا ہے کہ وہ خطے میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے تعاون کا خواہاں ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اپنے بیان میں کراچی میں چینی قونصلیٹ اور اورکزئی میں دہشت گرد حملوں پر پاکستان کے فوری جواب اور بہادری کی تعریف کی۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی کہ امریکا ان دہشت گردی کے واقعات کا مقابلے کرنے میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ خطے میں ان خطرات سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکومت کے ساتھ تعاون کے مواقع تلاش کرنے کا عمل جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا ان حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ انتہائی افسوس کا اظہار کرتا ہے اور حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد بحالی چاہتا ہے۔
امریکہ