کراچی(کامرس رپورٹر)چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ءآج سے ایکسپو سنٹر کراچی میں شروع ہو گی جس کا افتتاح صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کریں گے، نمائش کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ،نمائش میں پولینڈ، امریکہ ، اٹلی، کوریا، روس، چین، ترکی، چیک ریپبلک اور جرمنی سمیت دیگر ممالک شرکت کر رہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق دفاعی نمائش آئیڈیاز2018ءمیں 500 کمپنیوں کے اسٹال لگائے جائیں گے جبکہ مختلف ممالک کے 260مندوبین شریک ہوں گے۔نمائش کی 10سال مکمل ہونے پر کراچی کی عوام کے لئے 29نومبر کو نشان حیدر کلفٹن پر ’پاکستان شو ‘ کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے انتظامیہ کی جانب سے پاکستان شو میں شرکت کے خواہشمند افراد کیلئے اصلی شناختی کارڈ لازمی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کو احکامات جاری کیئے کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018ئکے موقع پراختیار کردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل پر عمل درآمدی اقدامات سمیت ٹریفک کی روانی کے ضمن میں بھی جملہ امور کو انتہائی ٹھوس اور غیرمعمولی بنایا جائے ۔آئی جی سندھ نے باالخصوص ڈی آئی جی ایسٹ کو ہدایات جاری کیں کہ ایکسپوسینٹر کراچی کے اطراف اور اندرونی حصوں سمیت تمام مرکزی گیٹس پر کڑی نگرانی اور سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی سمیت پولیس کے خصوصی تربیت یافتہ دستوں کو بھی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں ۔ پاک فضائیہ آج سے ایکسپو سنٹر کراچی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار ” آئیڈیاز “ میں اپنے ملکی ساختہ آلاتِ حرب نمائش کے لئے پیش کرے گی۔ اس سال پاک فضائیہ اس نمائش میںملکی سطح پر تیار کردہ بہترین دفاعی آلات کے ساتھ شرکت کر رہی ہے۔ جن میں ائیر ڈیفنس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرز ، اور انٹی گریٹڈ سیمولیٹرز شامل ہیں۔ پاکستان ائیرو نا ٹیکل کمپلیکس کامرہ بھی اس نمائش کا اہم حصہ ہے جہاں پرجے ایف 17 تھنڈر اور سپر مشاق طیارے نمائش کے لئے پیش کئے جائیں گے۔ پاک فضائیہ کے طیارے سی ویو کراچی پر فضائی مظاہرہ پیش کریں گے۔
بین الاقوامی نمائش