کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیمو کریٹک پارٹی کے صدر الطاف شکورنے کہا ہے کہ الیٹ کلاس ،وڈیرہ شاہی اور سیاسی جماعتوں میں اجارہ داری رکھنے والے الیکٹ ایبلز کبھی بھی تبدیلی نہیں لا سکتے۔وزیراعظم عمران خان کے 100دن بھی پورے ہونے کو آرہے ہیں۔ عوام کو دکھائے گئے سہانے خواب چکنا چور ہورہے ہیں اور عوام کو جوکچھ میسر تھا وہ بھی ان کے ہاتھوں سے چھینا جارہا ہے ۔ عمران خان کا ویژن بہت اچھا تھا ۔ عوام میں زبردست پذیرائی ملی لیکن اس پر عملدرآمد کے لئے انہوں نے جو ٹیم چنی ہے اور جو راستہ چنا ہے وہ تبدیلی کی جانب ہرگز نہیں جاتا ۔ معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے مخلص اور محب وطن ماہرین معاشیات کو نظر انداز کیا جانا ناکامی کی پہلی سیڑھی بن گیا ہے ۔ پاسبان کے ورکرز کراچی سمیت پورے ملک کے لئے امید کی کرن ہیں ۔پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی عام آدمی کو بلدیات اور سمبلیوں میں بھیجے گی تب سچی تبدیلی آئے گی ۔ پاسبان کمر ہمت کس لیں ۔ وہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے زیر اہتمام ’’پاسبان لیڈرز میٹنگ ‘‘ سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیف آرگنائزرانجینئر اقبال ہاشمی ،نائب صدر طارق چاندی والا ، کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد ،پاسبان بزنس مین فورم کے صدر وسیم الدین شیخ ،پاسبان کراچی کے جنرل سیکریٹری سردار ذوالفقار ، ضلعی رہنما سلیم جنجوعہ ،سید رضوان الحق ،محمد اسلم ملک ،دانش قریشی ،آصف بخش و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
الیٹ کلاس اور وڈیرہ شاہی ملک میں تبدیلی نہیں لاسکتی : الطاف شکور
Nov 27, 2018