شہید اہلکاروں کو چین کا خراج تحسین، ہر چینی ایک یوآن عطیہ کریگا: چینی ڈپٹی چیف آف مشن لی جین ژئو

اسلام آباد(این این آئی) پاکستان میں چین کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جین ژؤ نے اعلان کیا ہے کہ چینی قونصل خانے میں شہید پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے ہر چینی شہری ایک یوآن عطیہ کرے گا۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ساتھ عطیات جمع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لی جین ژؤ نے کہا کہ چینی شہریوں کی جانب سے کراچی میں دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بعض چینیوں نے شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے پورے ماہ کی تنخواہ دے دی جبکہ ہر چینی شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ کیلئے ایک یوآن عطیہ کرے گا۔ لی جین ژو نے کہا کہ عطیات دینے والے افراد کا ماننا ہے کہ پاک چین دوستی صرف باتوں کی حد تک نہیں بلکہ اس کی جڑیں دونوں ممالک کے عوام کے دل میں موجود ہیں۔ چینی عہدیدار کے مطابق وہ دہشت گردوں کو پیغام دینا چاہیں گے پاک چین دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن