اسلام آباد (نامہ نگار) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان جھوٹ بولنے اور یوٹرن لینے کو اپنی فارمل پالیسی بناتے ہیں‘ سو جھوٹ چھپانے کے لئے سو جھوٹ مزید بولے جائیں گے‘ حکومت جھوٹے مینڈیٹ پر آئی ہے‘ عمران خان جتنے جھوٹ بولیں گے لوگ اعتماد نہیں کریں گے‘ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کو اپنے سو دن کی کارکردگی بتانے کی کوشش کی جائے گی۔ پیر کو مریم اورنگزیب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی سو روزہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، سو جھوٹ چھپانے کے لئے سو جھوٹ مزید بولے جائیں گے۔ پہلے کہا گیا تھا گھر مفت میں دیئے جائیں گے اب کہا جارہا ہے کہ گھروں کی قسطوں میں ادائیگی ہوگی۔ عوام سب کچھ جان چکے ہیں۔ سو دن کا ایجنڈا وزیراعظم نے کینٹینر پر اور بعد میں بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ سو دن کے حوالے سے تاریخی یوٹرن اور جھوٹ کا پلندا قسط وار آنے والا ہے ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کو گوگل پر منتقل کردیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی سیاست صرف مسلم لیگ ن سے ہے، پاکستان کی سب سے مقبول جماعت مسلم لیگ ن اور لیڈر نواز شریف ہے۔ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی سیاست کی حقیقت ہے 1980 سے مسلم لیگ (ن) کو ختم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے جو حکومت عوام کی ترجمانی نہ کرے اس کی کارکردگی ویسی ہی ہوتی ہے۔