لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کیخلاف دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں محض 90رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔یاسر شاہ نے 41رنز ک عوض 8کھلاڑی آؤٹ کئے ۔ حسن علی نے دووکٹیں حاصل کیں۔کیویز ٹیم کے چھ کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کو فالو آن کروادیا جس کے بعد انہوں نے 2 وکٹ پر 131 رنز بنالیے ہیں۔ یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔یاسر شاہ نے کیویز کے خلاف جہاں اپنے کیرئیر کی شاندار بولنگ کی وہیں وہ ایک اننگز میں کم ترین رنز دے کر زیادہ وکٹیں لینے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔لیگ اسپنر یاسر شاہ مجموعی طور پر 31 ٹیسٹ میچز میں 181 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، ان کی بہترین کارکردگی میں 2 ٹیسٹ میچز میں 10،10 وکٹیں، 15 مرتبہ 5،5 وکٹیں اور 9 مرتبہ 4،4 وکٹیں لینا شامل ہے۔اس سے قبل قادر خان نے 1987 میں انگلینڈ کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 56 رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں اور وہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔سرفراز نواز بھی آسٹریلیا کے خلاف 1979 میں میلبرن اسٹیڈیم میں 86 رنز کے عوض 9 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔سابق کپتان عمران خان بھی ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں اور انہوں نے دو مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔عمران خان نے 1982 میں سری لنکا کے خلاف لاہور ٹیسٹ میں 58 رنز اور 1982 میں ہی بھارت کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں 60 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کیں۔سکندر بخت نے 1979 میں بھارت کے خلاف 79 رنز دے کر 8 وکٹیں حاصل کیں۔ دبئی ٹیسٹ تیسرے روز نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، اوپننگ بلے بازوں نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد یاسر شاہ نے پہلے اوپنر جیت راول کو 31 رنز پر بولڈ کیا اور پھر اگلے ہی اوور میں نیوزی لینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔کھانے کے وقفے کے بعد یاسر شاہ نے مزید 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے رہی سہی کسر بھی پوری کردی۔ 90 رنز پر پوری ٹیم کے پویلین لوٹ جانے کے بعد پاکستان نے مہمان ٹیم کو فالو آن کروادیا۔
دبئی ٹیسٹ: یاسر شاہ کی تباہ کن بائولنگ، کیویز 90 رنز پر ڈھیر
Nov 27, 2018