اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) تربیلا فور توسیع منصوبے سے رواں سال کے دوران قومی گرڈ کو فراہم کی جانے والی بجلی ایک ارب 26 کروڑ یونٹس سے بڑھ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق تربیلا فور توسیع منصوبہ تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر 4 پر تعمیر کیاگیا ہے اور اس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 1410 میگاواٹ ہے اور اس کے تین پیداواری یونٹس ہیں۔ ہر پیداواری یونٹ کی صلاحیت 470 میگاواٹ ہے۔ تربیلا فور توسیع منصوبے سے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3478 میگاواٹ سے بڑھ کر 4888 میگاواٹ ہو گئی ہے اور اس منصوبے سے ہرسال 3ارب 84 کروڑ یونٹس سستی بجلی پیدا ہو گی۔