اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب کے تمام افسرا ن کو ہدایت کی ہے کہ وہ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے اپنی کوششیں دوگنا کریں اور اپنے قومی فرض کی ادائیگی کیلئے بلاامتیاز احتساب اور زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں تمام علاقائی بیوروز کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب پیشہ واریت، شفافیت اور قانون پر عمل کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے تمام علاقائی بیوروز کی خوبیوں اور خامیوں کے تناظر میں کارکردگی کے جائزہ سے متعلق جدید مقداری گریڈنگ نظام وضع کیا ہے، یہ نظام نیب کے علاقائی بیوروز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے کامیاب رہا ہے اور اب نیب کے کام کا مستقل حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی آپریشنل میتھٹڈالوجی شکایات کی جانچ پڑتال، انکوئری اور انوسٹی گیشن پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو 2017ء کے مقابلہ میں 2018ء میں دوگنا شکایات موصول ہوئی ہیں۔