راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ جنرل رپورٹر) خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے خلاف اندراج مقدمہ کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔ علامہ خادم رضوی کے بھائی امیر حسین رضوی سمیت 16ملزمان کو 7روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ پنڈی گھیپ پولیس کی تحویل میں دے دیا۔ درخواست گزار راجہ ظفر نے ضمانت کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے، تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج مسعود احمد وڑائچ کی عدالت میں ہوئی۔ درخواست گذار راجہ ظفر اقبال کے وکیل ملک عبید علی ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ راجہ ظفر اقبال کو شدید جانی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے اور خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے خلاف درخواست دائر کرنے پر کچھ افراد نے ایک جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کرا رکھا ہے جس کی آج ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت درخواست گزار اور وکیل آج عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے جس پر فاضل جج نے 27 نومبر تک سماعت ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر1کے جج محمد اصغر خان نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی کے بھائی امیر حسین رضوی سمیت 16ملزمان کو 7روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھانہ پنڈی گھیپ پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ تھانہ پنڈی گھیپ پولیس نے تحریک لبیک کے خلاف کریک ڈائون کے دوران امیر حسین کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا تھا گزشتہ روز ملزمان کو عدالت پیش کر کے تفتیشی افسر نے ملزمان کے 10روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے 7روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو تفتیشی افسر کے حوالے کر دیا۔ تحریک لبیک کے رہنما پیر افضل قادری کے صاحبزادے نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تحریک لبیک یارسول اللہ کے تمام گرفتار لیڈران اور کارکنان کی رہائی کیلئے کوششیں جاری و ساری ہیں مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا جلد حل کیا جائے گا اس موقع پر مریدین، احباب، تحریک کے کارکنوں اور متعلقین سے کہہ رہا ہوں کہ آپ نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا ہے وطن عزیز پاکستان مملکت خداداد ہے اور ہمارے بزرگوں نے بڑی قربانیوں کے بعد اس وطن کا حاصل کیا ہے اس کے استحکام اور سلامتی کیلئے ہمیں دعا گو رہنا ہے ریاست سے تصادم ، جلائو ، گھیرائو یہ ہماری پالیسی نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ العزیز ہم اس وطن کی خیر خواہی کیلئے بھی کوشاں ہیں اور قائدین و جملہ کارکنان تحریک کی جلد از جلدرہائی کیلئے کوششیں کاوشیں جاری ہیں اس موقع پر میں یہ بھی اظہار خیال کرانا چاہتا ہوں کہ ہم تحفظ ناموس رسالتﷺ کے داعی ہیں اور قیامت تک امت مسلمہ تحفگظ ناموس رسالتﷺ کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی ۔
خادم رضوی کے بھائی سمیت 16ملزموں کا 7روزہ جسمانی ریمانڈ
Nov 27, 2018