مظفرآباد: کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف پاسبان حریت کی ریلی

Nov 27, 2018

مظفرآباد (صباح نیوز)مقبوضہ کشمیر میں تین روز میں18 کشمیری نوجوانوں کی شہادت جن میں دو کمسن بچے بھی شامل ہیں پر ہونیوالی بربریت کیخلاف پاسبان حریت جموں کشمیر کی احتجاجی ریلی ، بھارت کیخلاف شدید احتجاج، سینکڑوں طالبات کاگوجرہ سکول سے نلوچھی برج تک مارچ ، بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے ، بچیوں نے اقوام عالم سے انصاف کا مطالبہ کردیا۔ مارچ میں ریڈ فائونڈیشن سکول اینڈ کالج کی طالبات نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرہ میں پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، مشتاق الاسلام، شوکت جاوید میر ، شہناز کنٹھ، فاطمہ فہیم نے بھی شرکت کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی بربریت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ہوئے اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاسبان حریت جموں کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا کہ کشمیر میں 13سالہ مسکان اور 15سالہ نعمان اشرف کی بھارتی قابضین کے ہاتھوں شہادت ، دو سالہ حبیبہ نثار پر پیلٹ گن سے حملہ انسانیت پر حملہ ہے ۔ شوپیان اور بیج بہاڑہ میں کشمیریوں نوجوانوں کی شہادتیں خطے کے امن کے لئے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ سے پوچھنا چاہتے ہیں جو دنیا میں امن کی بات کرتا ہے انسانی حقوق کی باتیں کی جاتی ہیں کہ کشمیر میں بہنے والا مظلوم بچوں اور بچیوں کا خون انہیں نظر کیوں نہیں آتا؟ مشتاق الاسلام نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانیت سوز مظالم عالمی امن کے دعویداروں کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ شوکت جاوید میر نے بھی اقوام متحدہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جو عالمی انسانی حقوق کا چیمپین ہے لیکن اسے کشمیر یوں کا خون نظر نہیں آرہا۔ مظاہرہ سے پرنسپل ادارہ شہناز کنٹھ نے کہا کہ ہندوستان کے جابر حکمران کشمیریوں کا لہو بہانہ بند کریں۔

مزیدخبریں