لاہور (خصوصی نامہ نگار)چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد طاہر احسان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور آرمی چیف کے کرتار پور کوریڈورکے اقدام پر بھارت سمیت دنیا بھر کی سکھ قوم نے خوشی کا اظہار کیا ہے ، اس سے بھارت اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری آئے گی ،امن کی کوششوں کو تقویت ملے گی ، راہداری کی تعمیر سے سکھ یاتر یوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مالی اور سفری آسانی ہو گی جبکہ پاکستان میں سیاحت اور صنعت کو فائدہ ہو گا ۔ کرتار پور کوریڈور انتظامات کے حوالے سے سیکرٹری بورڈ محمد طارق کا کہنا ہے کہ چیئرمین کی ہدایا ت کے مطابق بورڈ افسران ٹیم کے ہمراہ تمام تر انتظامات جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔ چیئرمین بورڈ کے احکامات کے مطابق ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ عامر حسین ہاشمی نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر سمیرا رضوی کے ہمراہ گورو دوارہ کا دورہ کیا اس موقع پر کمشنر گوجرانوالہ ،ڈپٹی کمشنرناروال ، پی ٹی آئی رہنماء ابرارالحق و دیگر سیاسی و انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔بھارت سے آئے جھتہ لیڈر سردار امر جیت سنگھ نے لاہور پہچنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کے اقدمات قابل قدر ہیں ہم 28نومبر کو گورو دوارہ کرتار پور صاحب جائیں گے جسکاجتھہ کو شدت سے انتظار ہے ۔
کرتارپورکوریڈور کھولنے سے پاک بھارت تعلقات بہتر ہونگے: طاہر احسان
Nov 27, 2018