اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو جلد ہی عرب ممالک کا دورہ کریں گے،بحرین کی اسرائیلی وزیر کو با ضابطہ دورے کی دعوت

خلیجی ریاست بحرین نے اسرائیلی وزیر معاشیات کو باضابطہ طور پر منامہ کے سرکاری دورے کی دعوت دی ہے جو انہیں موصول ہوگئی ہے۔ اسرائیلی وزیر ایلی کوھین کو یہ دعوت آئندہ ساہ منامہ میں ہونے والی بین الااقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے دی گئی ہے۔اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اقتصادیات کو جس کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے وہ آئندہ سال اپریل میں منامہ میںہوگی۔ اس میں کام کی جگہ کو متحرک کرنے کے طریقوں، اقتصادی ترقی اور عالمی سرمایہ کاری پر بحث کی جائے گی۔ تین روز تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں 170ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔ادھر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے افریقی ملک چاڈ کے صدر ادریس دیبی کو بتایا ہے کہ وہ عنقریب عرب ممالک کے دورے پر روانہ ہونے والے ہیں۔ گذشتہ ماہ انہوں نے خلیجی ریاست اومان کا بھی دورہ کیا تھا۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق افریقی عرب ممالک میں سوڈان بھی جلد ہی نیتن یاھو کو دورے کی دعوت دے گا۔ صہیونی ٹی وی چینلوں کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی قومی سلامتی کے چیئرمین میئر بن شبات کئی عرب اور مسلمان ممالک کا خفیہ دورہ کر چکے ہیں۔ اس دورے کا مقصد عرب اور مسلمان ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی راہ ہموار کرنا ہے۔اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر ڈانی ڈانون نے بھی عرب اور مسلمان ممالک کے سفیروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ان ملاقاتوں میں بھی صہیونی ریاست اور مسلمان ملکوں کے درمیان تعلقات کے قیام کے امکانات پر بات چیت کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن