زرداری، فریال کے ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع، ضمنی ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم

Nov 27, 2019

اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 17 دسمبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے ملزمان کو نیب ضمنی ریفرنس کی کاپیاں بھی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے جعلی بنک اکاونٹس، میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز پر سماعت کی۔ آصف علی زرداری کو بیماری کے باعث عدالت پیش نہ کیا جا سکا جبکہ فریال تالپور کو اڈیالہ جیل سے لایا گیا۔نیب کی جانب سے بتایا گیا کہ 65 والیمز پر مشتمل ضمنی ریفرنس سکروٹنی کے مراحل میں ہے، ملزمان کی تعداد وہی ہے، مزید شواہد شامل کیے گئے ہیں، عدالت نے ملزمان کو 17 دسمبر سے پہلے ضمنی ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔دوسری جانب فریال تالپور کی سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی درخواست نیب کی جانب سے اعتراض نہ کرنے پر منظور کر لی گئی۔

مزیدخبریں