پنجاب میں بڑی تبدیلیاں میجر(ر) اعظم، سلیمان چیف سیکرٹری، شعیب دستگیر آئی جی پنجاب

Nov 27, 2019

لاہور؍ اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ خصوصی نامہ نگار، نوائے وقت رپورٹ، وقائع نگار خصوصی) حکومت نے میجر (ر) اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈاکٹر شعیب دستگیر کو آئی جی پنجاب تعینات کردیا۔ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ وزیراعظم نے انہیں ٹاسک دیا ہے کہ وہ محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنائیں اور مہنگائی پر قابو کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ پنجاب میں بڑی تبدیلیاں کے بعد صوبہ کی بیوروکریسی میں اگلے چوبیس گھنٹے بڑے اہم ہیں۔ بڑی اہم آسامیوں پرمزید تبدیلیاں ہونگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک یا دو روز میں پنجاب میں آر پی اوز، کمشنرز اور ڈی پی اوز کے وسیع پیمانے پر تبادلے کئے جائیں گے، حکومت نے غیر جانبدار اور غیر سیاسی نظریات رکھنے والے سئینئر بیوروکریٹس کی تلاش شروع کردی ہے۔ اہم آسامیوں پر تبدیلی کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی مشاورت سے کریں گے۔ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کا خصوصی گفتگو میں کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی ترجیح اچھی ٹیم کے ساتھ کارکردگی دکھانا ہوگی۔ صوبے میں شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا جائے گا۔ کوشش کریں گے کہ عوامی مسائل کے حل کے لئے بھرپور اور متحرک کردار ادا کریں۔ محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر فوکس کیا جائے گا اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ جو کام کرے گا، وہ عہدے پر رہے گا اور اسے عزت دی جائے گی۔حکومت نے پولیس فائونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر شعیب دستگیر کو آئی جی پنجاب تعینات کردیا ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کے بعد وفاقی بیورو کریسی میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہے سیکرٹریٹ گروپ گریڈ بیس کے سید جنید اخلاق کو جوائنٹ سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس تعینات کیا گیا ہے اسسٹنٹ سائنٹیفک ایڈوائزر شکیل احمد ڈپٹی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن تعینات کر دیئے گئے ہیں سیکرٹریٹ گروپ گریڈ انیس کے ظفر اقبال کو ڈپٹی سیکرٹری مذہبی امور تعینات کیا گیا ہے سیکرٹریٹ گروپ گریڈ انیس کے ڈپٹی سیکرٹری آفتاب محمد خان کو وزارت امور کشمیر میں تعینات کیا گیا ہے۔ چیف فنانس وزارت صنعت و پیداوار کو داخلہ ڈویژن کا اضافی چارج دیدیا گیا گریڈ سترہ کے مائیکل نعیم کی خدمات سندھ حکومت کے حوالے کر دی گئیں ایڈمنسٹریٹر سروس گریڈ اٹھارہ کی عمارا خان کی خدمات خیبر پی کے حکومت کے حولے کر دی گئیں ایڈمنسٹریٹر سروس گریڈ سترہ کے عدنان فریدی کی خدمات خیبر پی کے حکومت کے حوالے کر دیا گیا گریڈ انیس کے سید امتیاز شاہ اور گریڈ سترہ کے نجیب اللہ کی خدمات بلوچستان حکومت کے حوالے کر دی گئیں ۔ ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ انیس کے محمد علی رندھاوا کی خدمات گلگت بلتستان حکومت کے حوالے کر دی گئیں گریڈ سترہ کے موسی علی بخاری کی خدمات گلگت بلتستان حکومت کے سپرد کر دی گئیں آفس مینجمنٹ گروپ گریڈ اٹھارہ کے اشتیاق احمد کو ڈپٹی سیکرٹری خزانہ ڈویژن لگا دیا گیا ایڈمنسٹریٹو سروس کے ولی محمد کو گریڈ انیس میں ترقی دیکر بلوچستان میں ہی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ اٹھارہ کے شرجیل نور کی خدمات بلوچستان کے حوالے کر دی گئیں سٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلو کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ۔ شعیب دستگیر آئی جی آزادکشمیر بھی رہ چکے ہیں اور یو این مشن میں بھی کام کا تجربہ رکھتے ہیں۔ شعیب دستگیر کچھ عرصہ ایس پی ایڈمن لاہور بھی رہے لیکن انہوں نے فیلڈ افسر کے طور پر زیادہ دیر کام نہیں کیا اور ملازمت کا بڑا حصہ سینٹرل پولیس آفس میں گزارا۔

مزیدخبریں