اسلام آباد (آئی این پی) بین الاقوامی شہرت یافتہ ایکسنٹ بینڈ کے گلوکار کی پاکستانی چائے پینے کی خواہش پوری ہو گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے بین الاقوامی میوزک بینڈ ایکسینٹ کی چائے پینے کی خواہش پوری کر دی۔ معروف بین الاقوامی میوزک بینڈ ایکسنٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 24 نومبر کو گورنر ہائوس لاہور میں پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے چائے پینے کی خواہش ظاہر کی تھی اور پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کو ٹیگ کرتے ہوئے فنٹاسٹک کپ آف ٹی پینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ جس پر میجر جنرل آصف غفور نے بھی انہیں چائے کی پیشکش کر دی تھی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ٹیگ کرنے کا شکریہ، ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، آپ کے ساتھ ایک فنٹاسٹک کپ آف ٹی میرے دفتر میں شیڈول کیا گیا ہے۔