کوئٹہ(بیور و رپورٹ، نیشن رپورٹ) گوادر میںمکران کوسٹل ہائی وے پر بس الٹنے سے 11نیوی اہلکار جاںبحق ہو گئے۔ حادثے میں خواتین ، بچوں سمیت 31 افراد زخمی ہوگئے۔ اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ جمیل بلوچ اور لیویز ذرائع کے مطابق منگل کی صبح گوادر کے علاقے اورماڑہ سے کراچی جانے والی بس مکران کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے مقام پر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں جاگری۔ مرنے والوں میں سے 7کی شناخت عبدالرزاق، بلال، عابد، سلیم، مدثر ،ساجد ،صابر، کے ناموں سے ہوئی جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 31 افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق بس میں نیول بیس اورماڑہ سے کراچی جانے والے پاک نیوی کے اہلکار اور انکے اہلخانہ سمیت دیگر افراد سوار تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں و زخمیوںکو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔