البانیہ میں گزشتہ روز آنے والے شدید زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 23 ہو گئی جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی جو یہاں 40 سال میں آنے والا یہ سب سے طاقتور زلزلہ ہے۔ زلزلے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں اور سینکٹروں لوگ ملبے تلے دب گئے۔ البانیہ کی وزارت دفاع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ زلزلے میں ابتدائی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔زلزلے کے جھٹکے سربیا کے شہر سمیت پورے خطے میں 700 کلو میٹر تک محسوس کیے گئے۔ ریسکیو حکام کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو اور آرمی کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔یورپی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق البانیہ میں زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
البانیہ، زلزلے سے اموات 23 ہو گئیں، آفٹر شاکس جاری
Nov 27, 2019 | 14:51