وزیراعظم کا معاشی ترقی کا عمل تیز کرنے کیلئے کاروبار کرنے کاماحول مزید بہتر بنانے کا اعادہ

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور اقتصادی عمل کو تیز کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے یہ بات ملک میں سرکاری ونجی شراکت داری میں مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور اقتصادی عمل کو تیز کرنے سے متعلق بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک کا قابل قدر اثاثہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ترقی کا عمل حکومت کی جانب سے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور توانائی، بنیادی ڈھانچے، سیاحت اور مواصلات جیسے مختلف شعبوں میں کم وسائل بروئے کار لا کر تیز کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح سے اربوں روپے مالیت کے منصوبوں کا آغاز کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وزراء اور صوبائی چیف سیکرٹریوں کو اپنے متعلقہ محکموں میں ایسے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی تاکہ مختلف قوانین کو آسان بنا کر اور کم مالی وسائل کی سرمایہ کاری سے ان پر کام شروع کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شراکت داری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے اور نجی شعبے کی بھرپور شرکت کی ضمانت کے لئے خامیاں دور کرنے کی غرض سے موجودہ قوانین کا جائزہ لیا جانا چاہئے۔ انہوں نے وزارتوں اور صوبائی محکموں کی استعداد کار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

اجلاس میں توانائی، رابطے، ہوابازی، سیاحت، لاجسٹکس، ٹیکنالوجی، فاضل مواد ٹھکانے لگانے کے انتظام، سماجی شعبے، رئیل اسٹیٹ اور دیگر شعبوں میں مختلف منصوبوں کی نشاندہی بھی کی گئی جہاں نجی شعبے کی شراکت داری سے ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دی جا سکتی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت سرکاری و نجی شراکت داری کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اور نجی شعبے کی شراکت داری اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع یقینی بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جانی چاہئیں۔

ای پیپر دی نیشن