سرینگر (کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے گائوںناروا میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران متعدد شہریوں کوتشدد کا نشانہ بنایا اور انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ فوجیوں نے گائوں کے متعدد گھروںمیں زبردستی گھس کر تلاشیاں لیں۔کارروائی کے دوران فوجیوں نے متعدد نوجوانوں پر تشدد کیا اور انہیںا س دوران انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا،بعد میں لوگوں نے مظاہرے بھی کئے ،وادی کے کئی مقامات پر بھارتی فوج نے شدید سردی میں لوگوں کو گھروں سے باہر نکالا اور ان کی شناختی پریڈ کے علاوہ ان پر ظلم وتشدد کیا اس دورا ن کئی افراد کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی۔ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوج کی ایک گاڑی نے دانستہ طور پرٹکر مار کر دو افراد کو شدید زخمی کر دیا۔ فوج کی ایک تیز رفتار گاڑی نے جموں شہر کے علاقے مشری والا میں ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں اس پر سوار دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کوہسپتال داخل کر دیا گیا۔ بھارت میں مودی کی انتہا پسند حکومت کی کشمیریوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں،بھارتی دارلحکومت نئی میں چارکشمیری لاپتہ ہو گئے ہیں۔ لاپتہ افراد کے اہلخانہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ان کا اپنے پیاروںکے ساتھ منگل کے روز سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے اور انہوںنے ضلع شوپیاں کے تھانے میں انکی گمشدگی کی رپورٹ درج کر ا دی ہے۔ رپورٹ میںکہا گیا کہ دو افراد سامان سے لدے ہوئے ایک ٹرک سمیت نئی دلی کی آزاد پور منڈی جبکہ مزید دو جامع مسجد نئی دلی کے علاقے سے لاپتہ ہو گئے ہیں۔دریں اثنا مقبوضہ کشمیرمیں پی ڈی پی یوتھ صدر وحید الرحمان پرہ کو بھارتی تفتیشی ایجنسی(این آئی اے) نے پولیس کے معطل ڈی ایس پی دیوندر سنگھ انتہا پسندی کیس کے سلسلے میں نئی دہلی میں2روزہ پوچھ تاچھ کے بعد کو گرفتار کرلیا۔این آئی اے نے وحید پرہ کو پوچھ تاچھ کیلئے دہلی طلب کیا تھا اوردلی میں قائم صدر دفتر پر گذشتہ دو روز سے وحیدپرہ کی پوچھ تاچھ ہورہی تھی۔یہ پوچھ تاچھ سابق ڈی ایس پی دیوندر سنگھ اور حزب کمانڈر نوید بابوکے کیس کے سلسلے میں کی جارہی تھی۔ تیسرے دن کی پوچھ تاچھ کے بعد پرہ کو باضابطہ گرفتار کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وحید پرہ کا نام معطل ڈی ایس پی دیوندر اور حزب کماندر نوید بابو کیس کی تحقیقات کے دوران سامنے آیا،جبکہ ان پر حزب سرگرمیوں کی مبینہ معاونت کرنے کا الزام ہے۔