تربیلا (محمد شہباز سے) تربیلا بجلی گھر کے پانچویں توسیعی منصوبے کے سول ورکس کی تعمیر میں حصہ لینے کی خواہش مند عوامی جمہوریہ چین کی دو کمپنیوں نے 25 نومبرکو بڈنگ میں حصہ لیا۔ 26 نومبرکو کھولے گئے کنٹریکٹ کے مطابق چوتھے توسیعی منصوبے کے کی کنٹریکٹر کمپنی پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا نے اپنی ہموطن کمپنی چائنا گزوبا کے مقابلے میں کم ریٹس دئیے ہیں۔ باور رہے کہ کنٹریکٹ ایگریمنٹ سائن کرنے سے قبل واپڈا اور منصوبے کیلئے مشاورتی ادارہ بڈنگ میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے تمام متعلقہ ڈاکومنٹس کا تفصیلی جائزہ لے گا۔کنٹریکٹ کھولے جانے کی تقریب میں کمیٹی کے ارکان، کنٹریکٹرز کے نمائندوں کے علاوہ جنرل مینیجر تربیلا فرید احمد مغل اور توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر عبدالرشید بھی شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز الیکٹرو مکینیکل ورکس کیلئے بڈنگ میں چار کمپنیوں نے حصہ لیاہے۔ تربیلا ڈیم پراجیکٹ کے بائیں کنارے پر واقع سرنگ نمبر 5 پر تعمیر کیا جانیوالا پانچواں تو سیعی منصوبہ صرف صرف تین سال کی مدت میں مکمل ہوگا۔ پی سی ون میں پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے تقریباً 8 سو ملین امریکی ڈالرز مختص کئے گئے ہیں۔ منصوبے کی تعمیر کے لئے عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک رقم فراہم کررہے ہیں۔ اس پر تین برقی یونٹس نصب کئے جائیں گے۔ جن میں سے ہر یونٹ کی پیداواری استعداد 470 میگاواٹ ہوگی۔ مجموعی طور پر 1410 میگاواٹ اضافے سے تربیلا ڈیم سے پن بجلی کی پیداوار 6298 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔ پانچویں توسیعی منصوبے کی وجہ سے سالانہ تقریباً 3.84 بلین یونٹ سستی پن بجلی کا اضافہ ہوگا اور اس سے ہرسال تقریباً 30.70 بلین روپے کے مساوی فوائد حاصل ہوں گے۔ یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ یہ منصوبہ صرف تین سال کی قلیل مدت میں اپنی تعمیر پر اٹھنے والی لاگت پوری کردیگا۔