اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے باچا خان یونورسٹی کے ملازمین کی مستقلی کیخلاف نظر ثانی درخواست خارج کر دی ۔ جمعرات کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔دور ان سماعت باچا خان یونیورسٹی کے وکیل پشاور سے ویڈیو لنک پر پیش ہوئے ،یونیورسٹی کے لیگل ایڈوائزر روسٹرم پر آگئے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ آپ کون ہیں بھائی؟لیگل ایڈوائزر نے جواب دیا کہ میں باچا خان یونورسٹی کا لیگل ایڈوائزر ہوں۔ جسٹس منیب اختر نے کہاکہ آپ نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی درخواست کیوں دائر کی،پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنا چاہئے تھی۔ لیگل ایڈوائزر نے کہاکہ اپیل کا وقت گزر جانے کے باعث نظر ثانی درخواست دائر کی۔عدالت نے باچا خان یونورسٹی کے لیگل ایڈوائزر کی سخت سرزنش کر دی ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ آپ کے ادارے کے وکیل موجود ہیں،آپ الگ سے ادارے کے لیگل ایڈوائزر بن کے کھڑے ہوگئے،آپ عدالت کے سامنے ہوشیاری مت دکھائیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ عدالت کو گمراہ کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیں گے۔