اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔ جس میں باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے چینی سفیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دو جسم ایک جان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔ سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سی پیک میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کا معاشی طور پر بہت مثبت اثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے ایف سی اور فرنٹیئر کور کو تمام ضروری سہولیات اور مین پاور فراہم کی ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرونا جیسے مشکل وقت میں چین کی جانب سے کئے جانے والے تعاون پر بے حد شکر گزار ہیں۔ چینی سفیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون ہمیشہ مثبت طور پر نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز ویزہ اور متعلقہ امور کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ چینی سفیر نے سی پیک اور دیگر امور میں سکیورٹی کے تسلی بخش انتظامات پر وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ کرونا صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ ویکسین کے لئے کام جاری ہے۔ امید کرتے ہیں کہ نئے سال کے ساتھ کچھ اچھی خبر ملے گی۔
پاکستان، چین دو جسم ایک جان، سی پیک کی سکیورٹی کیلئے اہم اقدام کئے: وزیر داخلہ
Nov 27, 2020