ننکانہ صاحب، لاہور (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) ننکانہ صاحب میں سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشواء بابا گورونانک کے 551ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارتی سکھ یاتری آج مورخہ 27نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے جہاں سے بھارتی سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کے کڑے حصار میں گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچایا جائے گا۔ 28 اور 29نومبر کے روز بھارت اور اندورن پاکستان سمیت دنیا بھر سے تقریبات میں شرکت کے لئے آنے والے ہندو اور سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات جن میں متھا ٹیکی، اشنان، اکھنڈ پاٹھ اور ارداس سمیت دیگر شامل ہیں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کریں گے۔ واہگہ بارڈ پرایڈیشنل سیکرٹری شرانئز طارق وزیر، پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے ممبران اور دیگر بورڈ حکام سکھ یاتریوں کا استقبال کریں گے۔ یاتریوں کی آمد پر حکومت SOP پر مکمل عملدآمد کروایا جائے گا۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کے احکامات کے مطابق انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ یاتریوں کی سفری سہولیات کے لیے ٹرانسپورٹ کو خصوصی طور پر ڈس انفیکٹ کیا جائے گا۔ کھانے پینے رہائش کے لیے بہترین انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز طارق وزیر کا کہنا ہے کہ چیئرمین بورڈ کے احکامات کے مطابق گورو دواروں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ گورو نانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب 30نومبر کو جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہو گی۔ سکھ یاتری دورہ مکمل کرنے کے بعد یکم دسمبر واپس بھارت چلے جائیں گے ۔
بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کل شروع، سکھ یاتری آج پاکستان آئیں گے
Nov 27, 2020