لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس پر سماعت کی۔ عدالت نے پیش نہ ہونے پر احد چیمہ فیملی کے افراد صائمہ احد، فیصل حسن، نازیہ، اشرف، احمد حسن، سعدیہ منصور، نشاط افزا، احمد سعود چیمہ اور سجاد چیمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے انویسٹی گیشن افسر کو بھی ایس ایچ او نیب کے ذریعے گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ حکم کی تعمیل کے لیے تمام اداروں اور ایجنسیوں کی معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ عدالت نے احد چیمہ سے ان کی والدہ اور اہلیہ سمیت دیگر ملزموں کے بارے میں پوچھا کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ کہاں ہیں؟۔ احد چیمہ نے فیملی ارکان کی رہائش سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا بتائیں کیا آپ کے بہنوئی فوت ہوچکے ہیں۔ احد چیمہ نے بیان دیا کہ وہ فوت ہوچکے ہیں۔ عدالت نے تمام بے نامی داران کو گرفتار کر کے 30 نومبر تک پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔