لاہور/ گوجرانوالہ/اسلا م آباد /راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر+اپنے سٹاف رپورٹر سے +خصوصی نمائندہ) انٹرمیڈیٹ کے کووڈ 19 خصوصی امتحان کے نتائج کا اعلان پنجاب کے تمام بورڈز کی جانب سے کر دیا گیا ہے۔ لاہور 79.90 باقی بورڈز میں 80 فیصد سے زائد طلباء وطالبات فیل ہو گئے۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق اعلیٰ وثانوی تعلیمی بورڈ لاہور نے انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ کے خصوصی امتحان 2020ء کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ اس امتحان میں 21129 طالب علموں نے حصہ لیا 3825 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح سے کامیابی کا تناسب 18.10% فیصد رہا۔ مزید تفصیلات کے لئے امتحانی نتائج بورڈ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں جبکہ طالب علم 80029 پر ایس ایم ایس کرکے بھی اپنا رزلٹ معلوم کر سکتے ہیں۔ چیئرپرسن بورڈ پروفیسر ڈاکٹر عرفانہ مریم نے کامیابی حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارکباد دی ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بورڈآف انٹرمیڈ یٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے زیراہتمام منعقد ہونے والے امتحان انٹرمیڈیٹ (سپیشل) 2020 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ طلبہ کی اکثریت امتحان میں فیل ہوگئی کامیابی کا تناسب 15.88 فیصد رہا۔ تفصیلات کے مطابق انٹر کویڈ سپیشل امتحان کے نتائج کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا جس میں بورڈکے چیئرمین ڈاکٹرطارق محمود قاضی،کنٹرولر امتحانات پروفیسر محمد نعیم بٹ اور سیکرٹری بورڈ لبنی اخلاق خان کے علاوہ بورڈ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ نتائج کے مطابق اس امتحان میں مجموعی طور پر13928 امیدواران شامل ہوئے جن میں سے 11716 فیل اور2167 کامیاب قرار پائے اور شرح تناسب 15.56% فیصد رہی پری میڈیکل گروپ میں بوائز377 اور گرلز873 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 39 اور109 بالترتیب کامیاب قرار پائے اس طرح ان کی شرح تناسب 10.34 اور 12.49 فیصد بالترتیب رہی پری انجینئرنگ گروپ میں بوائز457 اور گرلز245 امیدوارنا نے شرکت کی جن میں سے 41 اور16 بالترتیب کامیاب قرار پائے اس طرح ان کی شرح تناسب 8.97 اور6.53 فیصد بالترتیب رہی جنرل سائنس گروپ میں بوائز 678 اور گرلز 513 امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 37 اور33 بالترتیب کامیاب قرار پائے اس طرح ان کی شرح تناسب 5.46اور6.43 فیصدبالترتیب رہی کامرس گروپ میں بوائز 706اور گرلز 304امیدواران نے شرکت کی جن میں سے104اور85 بالترتیب کامیاب قرار پائے اس طرح شرح تناسب 14.73اور 27.96 فیصد رہی ہیومینٹیزگروپ میں بوائز 4828اور گرلز 4947امیدواران نے شرکت کی جن میں سے 737اور966 بالترتیب کامیاب قرار پائے اس طرح ان کی شرح تناسب 15.27 اور19.53 فیصد بالترتیب ر ہی نتیجے کا اعلان پروموشن پالیسی Covid-19 کے تحت کیا گیا ہے۔سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے انٹرمیڈیٹ کے کورڈ19 خصوصی امتحان 2020 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ جس کے 5166 طلباء و طالبات سے 998 امیدواروں کی کامیابی سے شرح تناسب19.31 فیصد رہا۔ ذرائع کے مطابق 5166امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔جن میں 998 پاس قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 19.31فیصد رہا۔ چیئرپرسن بورڈ ڈاکٹر کوثر رئیس نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر نتیجہ آن لائن کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر محسن عباس اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر مہر محمد حسین لک سمیت دیگر بورڈ افسران موجود تھے۔بہاول پور سے نامہ نگار کے مطابق تعلیمی بورڈ بہاول پور کے زیر اہتمام امتحان Special Covid-19 انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ کنٹرولر امتحانات مظہر حسین کھوکھر نے میڈیا کو بتایا کہ اس امتحان میں 6857 امیدوار شریک ہوئے جبکہ 1116 امیدوار ان نے کامیابی حاصل کی اسطرح امتحان کا نتیجہ 16.28% رہا۔ رزلٹ بارے مزید تفصیلات کے لیے بورڈ ویب سائٹ www.bisebwp.edu.pk ملاحظہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے انٹرمیڈیٹ سپیشل امتحانات کا رزلٹ جاری کردیا ڈویژن بھر سے 11 ہزار 486 امیدواروں نے امتحان دیا۔ صرف دو ہزار 77 طلبہ پاس ہوئے کامیابی کا تناسب صرف 18 فیصد رہا 9 ہزار 409 امیدوار فیل ہوئے چیئرپرسن بورڈ ڈاکٹر طیبہ شاہین نے رزلٹ بورڈ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا۔ چیئرپرسن ڈاکٹر طیبہ شاہین کا کہنا تھا کہ جو امیدوار نتائج سے مطمئن نہیں وہ 15 یوم کے اندر پیپر ری چیکنگ کی درخواست دے سکتے ہیں۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ساہیوال نے انٹر کے سپیشل سالانہ امتحان کے نتنائج کا اعلان کر دیا 9877 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا جبکہ کامیابی کا تناسب 29 فیصد رہا۔ ڈیرہ غازی خان سے نیوز رپورٹرکے مطابق چیئر پرسن تعلیمی بورڈ ڈاکٹر کشور ناہید رانا نے کنٹرولر امتحانات مرزا محمد ظہیر اصغر اور سیکرٹری بورڈ محمد بلال شاہین کے ہمراہ انٹر میڈیٹ کوڈ۔19سپیشل امتحان 2020کے نتائج کا اعلان آن لائن بٹن پر کلک کرتے ہوئے بتایا 5343امیدوارامتحان میں شریک ہوئے اور 1415نے کامیابی حاصل کی اس طرح کامیابی کا تناسب 26.48فیصد رہا کنٹرولر امتحانات مرزا محمد ظہیر اصغر نے مزید بتایا کہ امتحانی عمل میں حکومت کی جانب سے تجویز کردہ کرونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق راولپنڈی تعلیمی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ 2020 ء کے نتائج کا اعلان کردیا چیئرمین تعلیمی بورڈ ڈاکٹر غلام دستگیرکے مطابق 10142 امیدواران شامل امتحان ہوئے ان میں سے1255امیدواران کامیاب ہوئے اس طرح کامیابی کا تناسب 12.37رہا۔ 8756امیدواران مذکورہ امتحان میں فیل ہوئے جبکہ 2222امیدواران غیر حاضر رہے۔ مذکورہ امتحان میں 4350طالبات اور 5792 طلباء شامل امتحان ہوئے اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والے ہائیر سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹس کے خصوصی سالانہ امتحانات 2020ء کے نتائج کا اعلان کل 28 نومبر کو صبح 10 بجے ہو گا۔
انٹر کے نتائچ: لاہور81 ، گوجرانوالہ میں84 فیصد سے زائد طلبہ فیل
Nov 27, 2020