منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کے بیٹے سلمان، بیٹی، داماد سمیت5 ملزم اشتہاری قرار

Nov 27, 2020

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز، بیٹی رابعہ عمران، داماد ہارون یوسف، طاہر نقوی اور علی احمد خان کو اشتہاری قرار دیدیا۔ عدالت نے نیب کے تین گواہوں کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد سماعت 3دسمبر تک ملتوی کر کے وکلاء کو جرح کیلئے پابند کردیا۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ فاضل عدالت نے حاضری مکمل کرانے کے بعد سماعت شروع کی۔ شہباز شریف کے وکلاء کی جانب سے کارروائی موخر کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ پنجاب بار کونسل نے ہڑتال کی کال دے رکھی ہے جس پر جج نے کہا کہ کوئی بات نہیں گواہ موجود ہیں ان کے بیانات قلمبند کر لیتے ہیں آپ جرح نہ کریں۔ نیب کے گواہ بلال فیصل نے بیان ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ 2019ء سے میں بطور ڈپٹی سیکرٹری بجٹ اینڈ اکائونٹس پنجاب اسمبلی تعینات ہوں۔ شہباز اور حمزہ کی تنخواہوں کا ریکارڈ مانگا گیا میں نے دونوں کا ریکارڈ اکٹھا کر کے نیب لاہور کو ارسال کر دیا۔ بعد ازاں نیب لاہور سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا گیا کہ آپ کو ریکارڈ جمع کروانے کیلئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہو گا۔ ڈیفنس کونسل کی جانب سے گواہوں کے بیان قابل مطالعہ نہ ہونے کی شکایت بھی کی گئی۔ عدالت نے پیش نہ ہونے والے ملزموں کے حوالے سے ریمارکس دئیے کہ 30 دن مکمل ہو گئے ہیں لیکن ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوئے، تمام ملزموں کو بذریعہ اشتہار بھی طلب کیا گیا لیکن پیش نہیں ہوئے۔ جس کے بعد سلمان شہباز، رابعہ عمران، ہارون یوسف، طاہر نقوی اور علی احمد خان کو اشتہاری قرار دیدیا گیا۔ نیب کے مطابق نصرت شہباز کی طلبی کے لئے چسپاں کئے گئے اشتہارکے تیس روز مکمل نہ ہونے پر انہیں ابھی اشتہاری قرار نہیں دیا گیا۔ عدالت نے نیب گواہوں کے بیانات پر ملزموں کے وکلاء کی جرح کیلئے کارروائی 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ دریں اثناء احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ نوازشریف اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں والدہ بیگم شمیم اختر کی تدفین کے انتظامات پر بات چیت ہوئی۔ شہبازشریف کو میت بھجوانے کے اجازت نامے اور سرکاری پیپر ورک مکمل ہونے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ نواز شریف نے شہباز شریف کو بتایا کہ میں بلاول کے ساتھ کرونا مثبت ہونے پر ہمدردی اور نیک تمنائوں کا اظہار کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے اپنے بیٹے سلمان شہباز سے بھی گفتگو کی۔ نیب  نے شہباز شریف کی بیٹی اور داماد سمیت دیگر ملزموں کے خلاف 16 گواہوں کی فہرست تیار کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی بیٹی اور داماد کے خلاف گواہوں میں صاف پانی کمپنی کے آفیشلز، آڈیٹرز اور اکاؤنٹنٹ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان کے نمائندے، بینکوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور نیب آفیشلز بھی گواہوں میں شامل ہیں۔

مزیدخبریں