بھارتی مظالم سے تنگ کئی پاکستانی ہندو خاندانوں کی واہگہ کے راستے سے واپسی

 لاہور (نیٹ نیوز)  پاکستان سے ہجرت کرکے جانے والے ہندوؤں کی بھارت سے واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت میں 11 دلت ہندوؤں کے بھارتی برہمنوں کے ہاتھ قتل اور بھارتی سرکار کے رویے سے دل برداشتہ ہو کر 243 ہندوؤں کی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پاکستانی ہندوؤں کا پہلا دستہ واپس پاکستان پہنچ گیا ہے۔ ایک فیملی کے سربراہ اجو اور ان کے بیٹے چندو، چیتن کا کہنا تھا کہ بھارت ہجرت کرنے والے ہندو وہاں بہتر مستقبل کے لئے گئے تھے مگر انہیں وہاں قتل کردیا گیا۔ بھارت صرف براہمن ہندوؤں کا ملک ہے۔  ہم حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھارت میں ہمارے 11 ہندو شہریوں کے قتل کا مواخذہ کرے۔ پاکستان سے بھارت جانے والے اپنے دیگر بھائیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی واپس آجائیں اور پاکستان میں باعزت زندگی گزاریں۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی 200 سے زائد پاکستانی ہندو بھارتی سرکار کے غیر مناسب رویے کی وجہ سے واپس پاکستان آچکے ہیں۔ ہجرت کرنے والے ہندو مختلف مذہبی رسومات ادا کرنے کے بہانے گئے تھے۔ آج بھارت سے اندرون سندھ ٹنڈو آدم کے رہائشی  اجو، دو بیٹے چندو اور چیتن سمیت اسکی بیوی، بہو اور پوتا گیان اور بیٹی کشنی سمیت دیگر فیملیوں کے لوگ واپس آگئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن