لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سنٹر پوائنٹ گلبرگ پر لعل شہباز قلندر (فردوس مارکیٹ) انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلی نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعائے خیر کی۔ انڈر پاس کو تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ حکومت نے شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی۔ تعمیراتی لاگت میں 13 کروڑ روپے کی بچت کا کریڈ ٹ حکومت کی شفاف پالیسیوں کو جاتا ہے۔ 560 میٹر طویل لعل شہباز قلندر انڈر پاس دونوں اطراف 2،2 لین پر مشتمل ہے۔ بارشی پانی کے اخراج کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ لاہور شہر کی تعمیر و ترقی پر پوری توجہ ہے۔ لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتوں کی فراہمی کیلئے نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔ عثمان بزدار نے انڈر پاس کے دونوں اطراف کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کے معیار کا مشاہدہ کیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کرونا پر سیاست کرنا المیہ ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں نے پہلے بھی اہم ترین قومی مسئلے پر سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی۔ وزیراعلی نے کہاکہ قوم کرونا وباء کے باوجود منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑتا ہے اورپاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے کرونا وباء میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جبکہ دوسری طرف اپوزیشن رہنما مشکل کی گھڑی میں عوام کو اکیلا چھوڑ کر صرف بیان داغنے تک محدود ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں لیکن یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مسئلے پر اکٹھا ہونے کا ہے۔ کرونا کے باعث دنیا بدل گئی لیکن بدقسمتی سے پاکستانی اپوزیشن کی منفی سیاست نہیں بدلی۔ اپوزیشن کی جانب سے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش افسوسناک ہے۔
لعل شہباز قلندر انڈر پلس کا افتتاح، کرونا سے دنیا تبدیل، اپوزیشن کی منفی سیاست نہیں بدلی: عثمان بزدار
Nov 27, 2020