چین پاکستان اقتصادی راہداری سے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ قائم ہوگا ، عارف علوی 

Nov 27, 2020 | 14:24

ویب ڈیسک

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ قائم ہوگا ،،پاکستان کو چین اور آسیان ممالک کو ٹیکسٹائل ، اشیاءخورونوش، گوشت ، سبزیاں وغیرہ برآمد کرنے کی ضرورت ہے۔چین کے شہر ناننگ گوانگشی میں 17 ویں چائنہ- آسیان ایکسپو کی تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ایکسپو میں پاکستان کی جانب سے 14 کاروباری اداروں کی شرکت خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین نے بہت اعتماد کے ساتھ کورونا وائرس پر قابو پایا ، اس ایکسپو کا انعقاد ثابت کرتا ہے کہ چین نے تجارت کے شعبے میں دنیا کو قیادت فراہم کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ چین کا مشرقی ایشیائی کے ساتھ حال ہی میں کیا جانے والاسب سے بڑا تجارتی معاہدہ چین کے ایک قابلِ اعتماد تجارتی پارٹنر ہونے کا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور چین قابل اعتماد دوست ہیں اور یہ دوستی سمندروں سے گہری اور آسمان سے اونچی ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری سے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ قائم ہوگا ۔صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان اور چین نے تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط کیے ہیں جو جنوری 2020 سے فعال ہے، ہم پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں آسیان ممالک کو سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان کی میکرو معاشی پالیسیوں میں زبردست تبدیلی رونما ہوئی ہے۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا ہوئی ہے اور کورونا کے باوجود کاروبار میں بہتری آئی ،ہماری دور رس معاشی اور تجارتی اصلاحات کی وجہ سے اچھے نتائج برآمد ہوئے ،پاکستان کو چین اور آسیان ممالک کو ٹیکسٹائل ، اشیاءخورونوش، گوشت ، سبزیاں وغیرہ برآمد کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان فیفا ورلڈ کپ کے لئے فٹ بال بنا رہا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے بہت سارے مواقع موجود ہیں۔صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان کی آسیان ممالک کے ساتھ شراکت داری اور تعاون میں اضافہ ہورہا ہے۔

مزیدخبریں