شہبازشریف اور حمزہ کی پیرول پر رہائی، لندن میں بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ ادا

Nov 27, 2020 | 16:47

ویب ڈیسک

 صوبائی حکومت نے میاں شہباز شریف کو اپنی والدہ کے جنازے اور ان کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے۔ ان کے ہمراہ ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز شریف کو بھی رہائی ملی ہے۔

ذرائع کے مطابق میاں شہباز شریف اپنے فرزند حمزہ شہباز کیساتھ جاتی امراء روانہ ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کو بھی اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے جنازے کیلئے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔

ادھر لندن میں بیگم شمیم اختر کی جنازہ لندن میں ادا کر دی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، ان کے صاحبزادوں، اسحاق ڈار اور قریبی عزیز واقارب نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ان کی میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ سے پاکستان کیلئے روانہ کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 5 روز کے لئے پیرول پر رہا کیا جا رہا ہے، جس کی مدت آج 27 نومبر سے یکم دسمبر تک ہوگی۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انسانی ہمدردی کے ناطے پیرول پر رہا کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے دونوں رہنماوں کو 14 روز کے لئے پیرول پر رہا کرنے کی درخواست کی گئی تھی تاہم پنجاب کابینہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 5 روز کے لئے رہائی کی منظوری ملی ہے۔ پنجاب حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978ء کے سیکشن 545 بی کے تحت پےرول پر رہائی کی اجازت دی ہے۔

مزیدخبریں