اسلام آباد (نامہ نگار) ملک بھر میں کرونا مثبت کیسز کی شرح 0.71فیصد ریکارڈ کی گئی ، مزید 7افراد جاں بحق ہوگئے، اموات کی تعداد 28ہزار 697ہوگئی، پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 12 لاکھ 83ہزار 475ہوگئی۔ جمعہ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق24گھنٹوں کے دوران 252 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4لاکھ 42ہزار 804، سندھ میں 4لاکھ 74ہزار 818، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 79ہزار 855، بلوچستان میں 33ہزار 467، گلگت بلتستان میں 10ہزار 411، اسلام آباد میں ایک لاکھ 7ہزار 580جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 540 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 18 لاکھ 32 ہزار 91 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 35 ہزار 176 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 41 ہزار 289 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 958 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی، کوویکس کے تحت جرمنی سے عطیہ کردہ 15لاکھ موڈرنا ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئی ہیں۔ یونیسف کے مطابق کوویکس کے تحت جرمنی سے عطیہ کردہ انسداد کرونا ویکسین کی 15لاکھ موڈرنا ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچائی گئی، جو کہ قومی ویکسی نیشن مہم میں استعمال ہوں گی۔ اعلامیے کے مطابق یونیسف گزشتہ 7ماہ میں کوویکس کے تحت انسداد کرونا ویکسین کی 4کروڑ 10لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچا چکا ہے۔یونیسف کے مطابق کوویکس کے تحت مزید انسداد کرونا ویکسین کی خوراکیں جلد پاکستان پہنچ رہی ہیں۔
کرونا