سعودی عرب میں بچھوؤں اور سانپوں کے بلوں سے نکلنے کا موسم شروع ہوگیا جس کے بعد ماہرین نے شہریوں کو محتاط رہنے کی تاکید کردی۔سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں بلوں سے بچھوؤں کے نکلنے کے مناظر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔ماہر موسمیات صالح الشیخی نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں بچھوؤں اور سانپوں کے بلوں سے نکلنے کا موسم شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیا ہے۔صالح الشیخی کا کہنا تھا کہ بچھو اور سانپ اس موسم میں کثرت سے پیدا ہوتے ہیں اور یہ گھروں میں گھس جاتے ہیں۔ اس حوالے سے صحرا، قدیم محلوں اور کچی بستیوں کے باسیوں کو زیادہ احتیاط برتنی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلند و بالا عمارتوں کے مکین بچھوؤں اور سانپوں کے خطرات سے محفوظ ہوں گے، صحرائی علاقوں سے دور آبادی میں ان کا خطرہ محدود ہوتا ہے۔صالح الشیخی نے ٹویٹر پر بلوں سے بچھوؤں کے نکلنے کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔