لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹکس سردار محمد آصف نکئی اور رکن قومی اسمبلی طالب نکئی نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر سردار محمد آصف نکئی نے محکمہ کی کارکردگی اور نارکوٹکس سبسٹنس ایکٹ 2022ء پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو منشیات کے ناسور سے پاک کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ تعلیمی اداروں کو منشیات کی وبا سے بچانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ ہمیں نئی نسل کو منشیات کے اثرات سے ہر صورت محفوظ رکھنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے سخت قانون سازی کا فیصلہ کیا ہے۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منشیات کے استعمال، خرید و فروخت پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے اے پی این ایس کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الحمداللہ سیاسی صورتحال کنٹرول میں ہے۔ جب تک اللہ نہ چاہے، پنجاب حکومت کو کچھ نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ نے عہدہ دیا، جو چیز اللہ دیتا ہے اسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ پنجاب حکومت اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے قائم و دائم ہے۔ مدت پوری کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ مختصر عرصے میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے بے پناہ کام کیا ہے۔ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہاکہ سب اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے، اللہ تعالیٰ کو یاد کرکے فیصلے کرتے ہیں جس کا پھل بھی ملتا ہے اور اب ہمیں نیت کا پھل مل رہا ہے کسی سے کوئی بعض نہیں، مثبت سوچ رکھتے ہیں۔ دو، اڑھائی ماہ میں سال سے زیادہ کام کر کے دکھایا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے اخبارات کے واجبات ایک ماہ کے اندر ادا کرنے کا حکم دے دیا اور مزید کہاکہ علاقائی اخبارات کو 25فیصدکوٹہ ملے گا۔ کلر اشتہار دئیے جائیں گے۔ سرمد علی نے کہاکہ چودھری پرویزالٰہی میڈیا فرینڈلی وزیراعلی ہیں، ہمیشہ اخبارات کو سپورٹ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے اخبارات کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ دست شفقت رکھا۔نوائے وقت گروپ کی طرف سے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال بٹ بھی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے ہاؤس آف کامنز برطانیہ میں پاکستان کے بارے میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی چیئر وممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اورپاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ ممبر پارلیمنٹ ہاؤس آف کامنز برطانیہ یاسمین قریشی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے سابقہ دور میں عوامی فلاح کے بے پناہ منصوبے مکمل کئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے ویڑن سے پنجاب کو بہترین اور سرپلس صوبہ بنایا اور ان کے ہر شعبے میں مثبت کام آج بھی لوگوں کو یاد ہیں۔ یاسمین قریشی نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کر سکتے۔ عمران خان کے دور میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا۔
جب تک اللہ نہ چاہے پنجاب حکومت کو کچھ نہیں ہوگا : پرویز الٰہی
Nov 27, 2022