عمران کے دو اعلانات میں آئندہ کی حکمت عملی واضح ہو گئی 

Nov 27, 2022

اسلام آباد (عترت جعفری) اس بحث سے قطع نظر راولپنڈی میں عمران خان خان کے لانگ مارچ میں شرکاء کی تعداد کیا تھی، ان کو دو اعلانات میں ان کی آئندہ کی حکمت عملی واضح ہو گئی ہے۔ پہلی یہ کہ ان کا کہنا کہ ’’9 ماہ کے بعد انتخابات ہوں گے تو پی ٹی آئی ہی جیتے گی‘‘ اور دوسرا یہ کہ وہ اب صوبائی اسمبلیوں میں نہیں رہیں گے۔ ان دونوں اعلانات کا منطقی نتیجہ آئندہ چند ماہ میں انتخابات کے انعقاد کے امکان کو معدوم کر رہا ہے۔ انہوں نے  جس لانگ مارچ  کا مقصد فوری  انتخابات قرار دیا تھا اور اسے  یہ کہہ کر ختم کر دیا کا’ اسلام آباد‘ کی طرف نہیں جانا ہے۔ اس بارے میں وزیر داخلہ کا  تبصرہ یہ تھا کہ جتنے لوگ مارچ میں تھے ان سے کہیں زیادہ پولیس والے ان کے سامنے تھے، عمران خان کے  راولپنڈی اعلان سے اب ظاہر ہو گیا ہے کہ سڑک پر احتجاج کی سیاست کو اب ترک کیا جا رہا ہے اور ایک بار پھر اسمبلیوں  کے اندر کی سیاست پر  توجہ جائے گی، دو صوبوں میں تو پی ٹی آئی کی حکومت ہے جہاں یا تو ان کی پارٹی سے ہیں اور یا ان کے حمایت یافتہ ہیں، مگر ان دو صوبائی اسمبلیوں کو توڑنے کا اعلان نہیں کیا گیا، بلکہ ان صوبوں کی پارلیمانی پارٹیوں سے  مشاورت کی بات کی گئی ہے۔

مزیدخبریں