کوہلو آپریشن، بی ایل اے کے  9 دہشت گرد ہلاک 

Nov 27, 2022

اسلام آباد‘ لاہور (خصوصی نامہ نگار+نامہ نگار) آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کوہلو میں کالعدم بی ایل اے (ایچ) کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ تین دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن علاقے سیاہ کوہ میں کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیاں 30 ستمبر کو کوہلو بازار میں دھماکہ کے بعد سے ان دہشت گردوں کی تلاش میں تھیں جس میں دو راہگیر شہید اور 19 زخمی ہوئے تھے‘ یہی تنظیم اور اس کے دہشت گرد علاقہ میں اغواء برائے تاوان‘ بھتہ خوری اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ دہشت گرد کوہلو بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئرز اور مزدوروں کو بھی نشانہ بناتے تھے۔ دہشت گرد اب کوہلو‘ کاہان اور میوند میں حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔ سکیورٹی فورسز کا علاقے میں سرچ آپریشن ابھی جاری ہے۔ ادھر سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 9 دہشت گرد گرفتار کر لیے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق قبضہ سے 2 آئی ای ڈی بم، 2768 دھماکہ خیز مواد، 13 ڈیٹونیٹر برآمد کر لیے گئے ہیں، حفاظتی فیوز، اسلحہ، نقدی، گولیاں و دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں میں اعظم خان، منصور، فاروق، شامی پرویز، محمد صدیق، عبدالمنان، اسماعیل، عبدالرزاق، محمد بلال شامل ہیں۔ لاہور سے بھی دہشت گرد عبدالرزاق گرفتار کیا گیا۔ دہشت گرد اہم تنصیبات، شخصیات اور سرکاری عمارات پر تخریک کاری کرنا چاہتے تھے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ایک روز میں پنجاب بھر میں 25 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے، 7 روز میں 372 کومبنگ آپریشنز کے دوران 21 ہزار 111 افراد سے پوچھ گوچھ کی گئی جن میں سے 36 مشتبہ افراد کو گرفتار، 33 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

مزیدخبریں