کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے علاقے گرومندر چورنگی کے قریب بے قابو مسافر بس کی ٹکر سے ٹریفک پولیس افسر زخمی ہوگیا۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ٹریفک احمد نواز چیمہ کے مطابق واقعہ حادثاتی ہے جس میں بس ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی بھی شامل ہے۔ گرومندر سے تین ہٹی کی طرف جانے والی روٹ نمبر 4کیو کی مسافر بس نمبر جے بی 2444تیز رفتاری کے دوران بے قابو ہو کر کنکریٹ کے بیریئرز سے ٹکرا کر اس کے عقب میں کھڑے ہوئے پی آئی بی کالونی ٹریفک سیکشن کے سب انسپکٹر 55 سالہ ابرار احمد سے ٹکرائی۔ایدھی فانڈیشن کے ترجمان کے مطابق زخمی سب انسپکٹر کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈاکٹرز کے مطابق زخمی ٹریفک پولیس افسر کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔احمد نواز چیمہ کے مطابق بس کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بس ٹریفک افسر سے ٹکرائی